ٹریفک کے مسائل ‘ آئی ٹی کمپنیوں میں پیر و جمعہ کو ورک فرم ہوم کی سہولت

   

تین دن دفتر سے کام کرنے کا رواج ۔ چند کمپنیوں میں تین دن ورک فرم ہوم اور دو دن دفتر طلب کرنے کی پالیسی
حیدرآباد 31 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر میں ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے آئی ٹی اور دیگر کمپنیوں کے ملازمین اور اسٹاف میں ایک نیا رجحان پیدا ہونے لگا ہے اور وہ اب اپنے وقت کو دفتر اور گھر کے مابین بانٹنے لگے ہیں۔ نئے طریقہ کار کے مطابق آئی ٹی کمپنیوں نے اب اپنے ملازمین کو یہ اجازت دینی شروع کی ہے کہ وہ تین دن دفتر پہونچ کر کام کریں اور مابقی دو دن گھروںسے کام انجام دیا جائے ۔ پیر اور جمعہ کو گھر سے کام کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے ۔ مابقی تین دن یہ ملازمین دفاتر پہونچ رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ منگل ‘ چہارشنبہ اور جمعرات کو دفتر پہونچنے والے ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پیر اور جمعہ کو ملازمین گھروں پر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ گوگل موبیلیٹی رپورٹ کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ پیر 25 جولائی کو دفتر پہونچنے والے ملازمین کا تناسب ماقبل کورونا کی بہ نسبت 25 فیصد کم تھی ۔ اسی طرح منگل ‘ چہارشنبہ اور جمعرات کو دفتر پہونچنے والے ملازمین کا تناسب ماقبل کورونا دور کی بہ نسبت 11 فیصد کم تھا ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ منگل ‘ چہارشنبہ اور جمعرات کی بہ نسبت جمعہ اور پیر کو گھر میں رہنے والوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ ایک ٹاپ ملٹی نیشنل کمپنی کیلئے کام کرنے والی ایک لڑکی نے بتایا کہ ان کیلئے ہمارے لئے پیر اور جمعہ کو ورک فرم ہوم کی سہولت ہے اور مابقی تین دن ہمیں دفتر جانا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے آبائی شہروں کو جانا چاہتے ہیں وہ جمعرات کی شام روانہ ہوکر منگل کی صبح واپسی کر رہے ہیں۔ چونکہ بیشتر ملازمین کا دوسرے شہروں سے تعلق ہے اس لئے یہ طریقہ کار موثر ثابت ہو رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تین ۔ دو کا جو فارمیٹ بن گیا ہے ان کے مطابق گھروں سے بہت خاموشی سے کام کیا جاتا ہے جبکہ منگل ‘ چہارشنبہ اور جمعرات کو دفاتر میں میٹنگ ہوتی ہے اور کچھ ایونٹس وغیرہ بھی کئے جاتے ہیں۔ تاہم یہ رول سبھی جگہ لاگو نہیں ہے ۔ ہر کمپنی اور ادارہ میں اس تعلق سے مختلف رولس بنائے گئے ہیں۔ ایک اور مشہور کمپنی کی ملازمہ نے بتایا کہ انہیں دو دن دفتر سے اور تین دن گھر سے کام کرنے کی سہولت دستیاب ہے ۔ یہ ماڈل ٹیم اور پراجیکٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جاتا ہے ۔ اس فارمیٹ میں پیر اور چہارشنگبہ کو دفتر سے کام کیا جاتا ہے اور مابقی تین دن گھروں سے کام کرنے کرنے کی سہولت ہے ۔ تاہم اس میں بھی ملازمین کیلئے دفاتر پہونچنے کا لزوم نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جن دو ایام کو دفاتر جانا ہوتا ہے اس دن میٹنگ یا ایونٹ ہوتا ہے ۔ اس دوران Swiggy نے ملازمین کیلئے کہیں سے بھی کام کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے اور بیشتر ملازمین جو بیرونی ریاستوں اور شہروں سے تعلق رکھتے ہیں وہ کسی بھی مقام پر کام کرسکتے ہیں۔ اس پالیسی کے تحت کارپوریٹ اور سنٹرل بزنس فنکشن اینڈ ٹکنالوجی ٹیمیں دور دراز سے کام جاری رکھیں گے اور ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ ملاقات کریں گی تاکہ ایک دوسرے سے روابط کو برقرار رکھا جاسکے ۔