ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس کر باپ ‘بیٹی ہلاک

   

نظام آباد ۔ 20 اکتوبر ( ایجنسیز ) تلنگانہ کے نظام آباد ریلوے اسٹیشن پر باپ اور بیٹی ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس کر ہلاک ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ میڑچل ضلع کے 40 سالہ رامچندر راو ارکان خاندان کے ساتھ باسر مندر درشن کیلئے جارہے تھے ۔ یہ خاندان بیگم پیٹ میں ٹرین میں سوار ہوا۔جیسے ہی ٹرین نظام آباد پر رکی رامچندر راو کی 14 سالہ لڑکی جانانی پانی بوتل خریدنے ٹرین سے اتری۔ آنے تک ٹرین نکل رہی تھی لڑکی نے اسٹیشن پر چلتی ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کی اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گئی۔ والد نے بچانے کی کوشش کی۔ لڑکی کی موقع پر موت ہوگئی اور والد شدید زخمی ہوگئے۔ انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج ان کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا۔