ٹمبا اور ڈوسن کی سنچریاں ،جنوبی افریقہ 296/4

   

پارل۔ہندوستان کے خلاف یہاں منعقدہ پہلے ونڈے میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا بوواما کی جانب ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ابتداء میں غلط ثابت ہورہا تھا جیسا کہ ہندوستانی بولروں نے میزبان ٹیم کو 68/3 کی پریشان کن حالات میں پہنچا دیا تھا لیکن اس موقع پر کپتان ٹمبا نے اپنے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کرنے کے علاوہ چوتھی وکٹ کے لئے ڈوسن کے ساتھ 104 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کا موقف مستحکم کیا۔ٹمبا نے 143 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 110 رنز اسکور کئے ۔دوسری جانب ڈوسن نے تیزرفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 96 گیندوں میں 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 129 رنز اسکور کئے۔ہندوستان کیلئے جسپریت بمراہ کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 48 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔اشون نے ایک وکٹ لی۔یاد رہے کہ کے ایل راہول اس سیریز میں ہندوستان کی کپتانی کررہے ہیں۔