حیدرآباد12۔ مئی: اسمبلی حلقہ کاروان کے ٹپہ چبوترہ کی سڑک پر اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ہونے سے رات کے اوقات میں حادثات کے خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے اور چوراہے سے جھرہ جانے والی سڑک پر اسٹریٹ لائٹس غیر کارکرد ہونے سے سڑک پر اندھیرا رہنے لگا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ شکایت کے باوجود اس سڑک پر اسٹریٹ لائٹس کو درست کرنے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ بتایا جاتاہے کہ رات میں اس سڑک پر شراب نوشی کے عادی افراد کی ہنگامہ آرائی اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی بھی بڑی تعداد ہوتی ہے جو اس اندھیری سڑک کا فائدہ اٹھانے کیلئے اس کا استعمال کر رہی ہے ۔ جھرہ سے ٹپہ چبوترہ کی سڑک پر موجود ان اسٹریٹ لائٹس کو درست کرنے سے شرابی جو اس سڑک پر پڑے رہتے ہیں یا گذرنے کے دوران جو ہنگامہ آرائی کرتے ہیں ان کی شناخت ممکن ہوسکتی ہے۔ شادیوں کے موسم میں حلقہ اسمبلی کاروان کی یہ سڑک مصروف ترین سڑکوں میں شمار کی جاتی ہے تو کیونکہ اس کا سبزی منڈی سے جھرہ اور آصف نگر جانے والے افراد بھی استعمال کر تے ہیں اور آصف نگر سے ٹپہ چبوترہ اور کاروان پہنچنے والے بھی اس کا استعمال کرتے ہیں بلکہ پرانا پل جانے والی ٹریفک بھی اس سڑک کو استعمال کرتی ہے۔