ٹڈی دل کے خطرہ سے نمٹنے مؤثر اقدامات پر زور : ضلع کلکٹر

   

نرمل : ٹڈی دل کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے مؤثر اقدامات پر زور دیتے ہوئے ضلع کلکٹر مشرف فاروقی و ضلع ایس پی سی ششی دھر راجو نے مختلف محکمہ جات کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے کہاکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے علاقوں سے ٹڈی دل کے اس ضلع میں داخل ہونے کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس پر فوری طور پر قابو پانے کے لئے تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ فائر انجن واٹر ٹینکرس کو تیار رکھنے اور ہر منڈل اور دیہی علاقوں میں ذیلی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ٹڈیوں کے حملے سے زرعی نقصان کو بچانے کی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی کسان برادری میں شعور بیداری پر توجہ دی جارہی ہے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی ششی دھر راجو نے کہاکہ کسانوں کی کھڑی فصلوں کو ٹڈیوں کے حملے سے بچانے کے لئے تمام عہدیداروں کو متحرک کردیا گیا۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ جاریہ سال کے آغاز سے ہی عوام کسی نہ کسی مصیبت سے پریشان ہیں۔ کورونا کا خوف ابھی جاری ہے۔ ایسے حالات میں ٹڈی دل کا خطرہ بھی عوام میں تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔