وزیراعظم کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ حیدرآباد میں منعقدہ جیو اسپاٹیل انٹرنیشنل کانگریس سے خطاب
حیدرآباد۔11 اکتوبر (یواین آئی) وزیراعظم مودی نے انتودیا کے ویژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کامطلب مشن طریقہ کار کے ذریعہ آخری فرد تک کو بااختیار بنانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تنظیمی سطح پر بحران کے دوران ایک دوسرے کی مدد کا کام کیاجانا چاہئے ۔وزیراعظم نے ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ ایچ آئی سی سی حیدرآباد میں منعقدہ جیو اسپاٹیل انٹرنیشنل کانگریس میں شرکت کی۔انہوں نے دیہی ہندوستان کو بینک انشورنس سے جوڑنے کے سلسلہ میں ہندوستان کی ترقی پر بھی اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ 450ملین ایسے افراد جن کی ہنوز بینک تک رسائی نہیں ہوپائی ، کی آبادی امریکہ سے بڑھ کر ہے ۔ان تمام کو بینکنگ تک لایاگیا اور 135ملین افراد جو فرانس کی آبادی کے دوگنے ہیں کو انشورنس فراہم کیاگیا۔وزیراعظم نے کہاکہ تقریبا 110ملین خاندانوں کو سینیٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی اور تقریبا 60ملین خاندانوں کو پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اس بات کو یقینی بنارہا ہے کہ کوئی بھی اس معاملہ میں پیچھے نہ رہ پائے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایم سوامترا یوجنا اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح ڈیجیٹلائزیشن سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مواضعات میں جائیدادوں کی میپنگ کیلئے ڈرونس کا استعمال کررہے ہیں اور یہ مواضعات پراپرٹی کارڈس حاصل کررہے ہیں۔یہ کہتے ہوئے کہ ٹکنالوجی اور ٹیلنٹ دو ستون ہیں جو ہندوستان کی ترقی کے سفر کی کلید ہیں انہوں نے کہاکہ ٹکنالوجی کے ذریعہ تبدیلی لائی جاتی ہے ۔ایک چھوٹا تاجر بھی ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دے رہا ہے ۔اس سے کووڈ 19 کے دوران غریبوں کو کافی مدد ملی ہے ۔کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ دیہی عوام کے پاس اپنی ملکیت کے واضح دستاویزات مل پائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان، دنیا کے سرکردہ اسٹارٹ اپ ہب میں ایک ہے ۔ 2021سے ہم نے یونی کارن اسٹارٹ اپس کی تعداد کو دوگنا کیا ہے ۔وزیراعظم نے تمام مندوبین کا استقبال کیا اور کہاکہ ہندوستان کے عوام کو اس تاریخی موقع پر میزبانی پرفخرمحسوس ہورہا ہے کیونکہ ہم اپنا مستقبل مل کر بنائیں گے ۔حیدرآباد میں اس طرح کی کانفرنس پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ شہر اپنی ثقافت ، کھانوں، مہمان نوازی اور ہائی ٹیک ویثرن کیلئے مشہورہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ اس کانفرنس کا موضوع جیو سے مربوط عالمی موضع کوئی بھی پیچھے نہیں رہنا چاہئے کو گذشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات میں دیکھاجاسکتا ہے ۔