ٹینک بنڈ پر سالگرہ کیک کاٹنے سے گریز کیا جائے ‘ سجنار

   

حیدرآباد :9اکٹوبر ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے حسین ساگر ٹینک بنڈ پر حادثاتی مقامات کا جائزہ لیا گیا ۔ سٹی پولیس کے علاوہ اس موقع پر دیگر سرکاری محکموں کے عہدیدار بھی موجو د تھے ۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے گزشتہ روز ٹینک بنڈ پر سالگرہ جشن کے دوران پیش آئے حادثہ کے بعد اس اقدام کو اہمیت دی ہے ۔ اس حادثہ میں ایک بچی اور ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا جو سالگرہ تقریب منانے کیلئے ٹینک بنڈ پہنچے تھے ۔ یہ حادثہ رات دیر گئے پیش آیا تھا ۔ کمشنر پولیس نے اس حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ایسی تقاریب کے دوران احتیاط کو اہمیت دیں ، پل بھر کی خوشی کی خاطر زندگی بھر کے غم کو دعوت نہ دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینک بنڈ کے علاوہ شہر کے دیگر اہم مقامات اور سڑکو ں پر جشن منارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جشن کے دوران بے احتیاطی نہ خود ان کے خاندانوں بلکہ دیگر شہریوں کیلئے بھی مشکلات اور دکھ کا سبب بن رہی ہے ۔ کمشنر پولیس سجنار نے بتایا کہ ٹینک بنڈ پر شرائط اور تحدیدات کے متعلق جی ایچ ایم سی نے سابق میں احکامات جاری کئے تھے اور پولیس کی جانب سے بھی سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے اور کئی شہریو ں کو جشن منانے اور موج مستی کرنے سے بھی روکا جارہا ہے ۔ باوجود اس کے گزشتہ دنو ں پیش آیا حادثہ رات دیر گئے انجام دی گئی تقریب کے سبب ہوا ۔ کمشنر پولیس نے شہریو ں سے درخواست کی ہے کہ وہ جشن کے دوران خوشی پر قابو رکھیں اور احتیاط کو اولین ترجیح دیں اور ایسے مقامات کا انتخاب نہ کریں جہاں ان کی جانوں کو خطرہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رات دیر گئے ٹینک بنڈ پر جشن منانے سے گریز کریں اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ سخت چوکسی اختیار کرکے موثر اقدامات انجام دیں ۔