ٹیچربھرتی گھپلہ : ملزم کنتل گھوش کو سپریم کورٹ سے ضمانت

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مغربی بنگال ٹیچر بھرتی مبینہ گھپلے سے متعلق مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) معاملے میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے معطل لیڈر کنتل گھوش کوجمعہ کے روز مشروط ضمانت دے دی۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اجل بھوئیاں کی بنچ نے انہیں یہ راحت دی۔ضمانت دینے کے ساتھ ساتھ بنچ نے یہ بھی ہدایت دی کہ درخواست گزار فی الحال کوئی عوامی عہدہ نہیں سنبھال سکتا۔سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ چارج شیٹ اس سال جنوری میں داخل کی گئی ہے ، لیکن سی بی آئی کی جانب سے ضمنی چارج شیٹ داخل کرنے کی تجویز ہونے کی وجہ سے اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا جا سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ مستقبل قریب میں ٹرائل مکمل ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔بنچ نے کہا کہ “مستقبل قریب میں مقدمے کے نتائج کی پیشین گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔” درخواست گزار کو غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھنا کریمنل جورسپروڈنس کے طے شدہ اصولوں کے مطابق نہیں ہوگا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ انہیں 20 فروری 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا، اورانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے درج منی لانڈرنگ کیس میں انہیں کلکتہ ہائی کورٹ کے ذریعہ ضمانت دے دی گئی ہے ۔مرکزی تفتیشی ایجنسی نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ درخواست گزار ایک وسیع پیمانے پر گھوٹالے اور گہری سازش کا حصہ تھا۔ اس نے مغربی بنگال پرائمری ایجوکیشن بورڈ کی اصلی ویب سائٹ جیسی ایک جعلی ویب سائٹ بنائی تھی۔ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ نااہل امیدواروں کو بھرتی کرنے کے لیے ان سے 4 کروڑ روپے کی رشوت لی گئی۔