ٹیکساس : ایک امریکی نژاد خاتون نے امریکہ کے ٹیکساس میں چار ہندوستانی خواتین پر پرتشدد نسل پرستانہ حملہ کیا ہے ، ان کے ساتھ بدسلوکی کی ہے اور انہیں ‘واپس جانے ‘ کو کہا ہے ۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔پولیس کے ٹویٹس اور ویڈیوز کے مطابق پولیس نے حملہ آور خاتون کو ‘دہشت گردانہ دھمکی’ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ یہ ویڈیو تب سے وائرل ہے ۔ ویڈیو میں ملزم خاتون ہندوستانی خواتین سے بدسلوکی کرتے ہوئے انہیں ہندوستان واپس جانے کا کہہ رہی ہے ۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات کو ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک پارکنگ ایریا میں پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں ہونے والی گفتگو کے مطابق یہ واقعہ پلانو میں اس وقت پیش آیا جب ہندوستانی دوستوں کا ایک گروپ ایک ریستوران سے باہر نکلا۔ویڈیو میں ملزم خاتون خود کو میکسیکن۔ امریکن بتاتی ہے اور وہ ہندوستانی۔ امریکی خواتین کے ایک گروپ پر حملہ کرتی دکھ رہی ہے ۔ عورت ویڈیو میں یہ کہتی نظر آئی ہے :’’میں تم ہندوستانی سے نفرت کرتی ہوں۔ یہ تمام ہندوستانی امریکہ آتے ہیں کیونکہ وہ ایک بہتر زندگی چاہتے ہیں‘‘۔