ٹی آر ایس کو قومی سطح پر لانے کی حکمت عملی و منصوبہ بندی

   

پڑوسی ریاست کے مخالف بی جے پی قائد اداکار پرکاش راج
رکن راجیہ سبھا ٹی آر ایس نامزد!
حیدرآباد۔13مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے اداکار پرکاش راج کو رکن راجیہ سبھا نامزد کئے جانے کافیصلہ کیا جاچکا ہے! چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ جو گذشتہ تین یوم سے اپنے فارم ہاؤز واقع ایراولی میں قیام کئے ہوئے ہیں اور باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی سیاست میں انقلابی تبدیلی کے لئے کوشاں اداکار پرکاش راج کے علاوہ پارٹی کے دیگر سرکردہ قائدین اور مسٹر پرشانت کشور بھی ان کے ساتھ ہی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ٹی آر ایس کو علاقائی پارٹی سے قومی پارٹی میں تبدیل کرنے کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پڑوسی ریاست سے تعلق رکھنے والے اداکار سے سیاستداں بننے والے مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی قائد مسٹر پرکاش راج کو ٹی آر ایس کا رکن راجیہ سبھا بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کو قومی سطح پر فروغ دینے کے لئے کی جانے والی ان کوششوں کے متعلق کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے لئے حکمت عملی و منصوبہ بندی کرنے والے پرشانت کشور کے مشورہ کا اس میں اہم رول ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے دورہ اور چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر ادھو ٹھاکرے ‘ این سی پی سربراہ شرد پوار اور دیگر قائدین سے ملاقات کے دوران بھی پرکاش راج ان کے ہمراہ موجود تھے اور اس کے بعد ریاست تلنگانہ کے ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کرنے کے دوران پرشانت کشور اور پرکاش راج متعدد مرتبہ ساتھ دیکھے جاچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹی آر ایس سربراہ ارکان راجیہ سبھا کی نامزدگی میں کرناٹک کو نمائندگی دیتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کریں کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی ملک کی کسی بھی ریاست میں فرقہ پرستی ‘ فرقہ وارانہ منافرت اور بدعنوانیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور ملک کی تمام ریاستوں کے عوام کو انصاف کی فراہمی کی جدوجہد کرے گی۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کوحاصل ہونے والی تین راجیہ سبھا نشستوں پر کامیابی یقینی ہے اور ان راجیہ سبھا انتخابات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے شخص کو رکن راجیہ سبھا نامزد کرتے ہوئے ریاست کے باہر قدم رکھتے ہوئے پارٹی کو علاقائی پارٹی سے قومی پارٹی میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی پر کام کیا جا رہاہے اور اس میں کامیابی کی صورت میں کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کا نیا نام ’’بھارتیہ راشٹر سمیتی ‘‘ کرتے ہوئے ملک بھرکی بیشتر ریاستوں میں پارٹی کے قیام کے اقداما ت کئے جائیںگے۔م