ٹی آر ایس کی جوابی کارروائی ……وزیر اعظم کے دورہ سے قبل شہر میں ’’بائے بائے مودی‘‘ کے ہورڈنگس

,

   

حیدرآباد کو زعفرانی رنگ میں رنگنے بی جے پی کے منصوبے کو جھٹکہ

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہورڈنگس کی دلچسپ جنگ شروع ہوگئی ہے ۔ چار دن قبل تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر بی جے پی نے چیف منسٹر کے سی آر کی تصویر کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی کا ڈیجیٹل بورڈ لگایا گیا تھا ۔ جس کے جواب میں ٹی آر ایس نے بی جے پی کے جلسہ عام والے مقام پریڈ گراونڈ کے علاوہ دوسرے مقامات پر وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر کے ساتھ بائے بائے مودی کے ہورڈنگس اور پوسٹرس لگائے ہیں ۔ حیدرآباد میں بی جے پی کی قومی عاملہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔ جس میں نریندر مودی ، امیت شاہ ، جے پی نڈا کے علاوہ دوسرے اہم قائدین شرکت کررہے ہیں جس کی وجہ سے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہورڈنگس ، پوسٹرس اور بیانرس کا دلچسپ مقابلہ چل رہا ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ قومی عاملہ کے اجلاس کے موقع پر حیدرآباد کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی منصوبہ بندی تیار کرنے والی بی جے پی کو ٹی آر ایس نے جھٹکہ دیا ہے ۔ شہر کے تمام ہورڈنگس ، میٹرو پلرس کو حکمران جماعت نے پہلے ہی اپنے قبضے میں کرلیا ہے ۔ پریڈ گراونڈ پر وی آئی پیز داخل ہونے والے گیٹ کے پاس ، بس شلٹرس پر ٹی آر ایس کے فلیکسی لگا دئیے گئے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی ، امیت شاہ اور جے پی نڈا داخل ہونے والے باب الداخلہ کے پاس بھی ٹی آر ایس کے فلیکسی لگا دئیے گئے ہیں ۔ تشہیر کے لیے ایڈ ایجنسیوں سے رابطہ پیدا کرنے والے بی جے پی قائدین کو مایوسی ہاتھ آئی ہے ۔ ایڈ ایجنسیوں نے ٹی آر ایس کی جانب سے ایڈ بک کرلینے کا جواب دیا ہے ۔ جس پر بی جے پی اپنی تشہیر کو لے کر فکر مند ہوگئی ہے ۔ میٹرو ایل اینڈ ٹی کو بی جے پی کے قومی قائدین سے بھی بات چیت کرائی گئی ہے وہاں سے بھی انہیں یہی جواب ملا ہے ۔ آر ٹی سی بس شلٹرس پر ٹی آر ایس حکومت کے 8 سالہ اقتدار کے فلیکسی لگا دئیے گئے ہیں ۔ن