ٹی آر ایس کا 9 علاقائی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کیساتھ احتجاج

   

جی ایس ٹی بقایا جات کی اجرائی کیلئے متحدہ جدوجہد، مجسمہ گاندھی کے پاس نعرہ بازی

حیدرآباد : ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے دیگر جماعتوں کے 70 ارکان کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے تلنگانہ کو وصول طلب 9 ہزار کروڑ روپئے جی ایس ٹی بقایا جات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹی ایم سی، ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی، ایس پی، این سی پی، شیوسینا کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں موجود مجسمہ گاندھی کے پاس پلے کارڈس تھام کر نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ جی ایس ٹی بقا یا جات کو فوری جاری کرنے پر زور دیا گیا۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہاکہ کورونا اور لاک ڈاؤن بحران سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت ریاستوں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے بجائے جی ایس ٹی کے بقا یا جات کی اجرائی میں ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررہی ہے۔ مرکز کی یہ پالیسی قابل مذمت ہے۔ ریاستوں سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف علاقائی جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ این ناگیشور راؤ نے کہاکہ مرکز کا ریاستوں کے ساتھ رویہ تکلیف دہ ہے۔ کورونا سے تمام ریاستیں معاشی بحران کا شکار ہیں۔ ایسی صورت میں بڑے بھائی کا رول ادا کرتے ہوئے مرکز کو ریاستوں کا مکمل ساتھ دینا چاہئے اس کے بجائے مرکزی حکومت نے ریاستوں کو وصول طلب فنڈس کی اجرائی بھی روک دی ہے۔ جی ایس ٹی، آئی جی ایس ٹی بقایا جات کی اجرائی کے لئے ٹی آر ایس نے 9 علاقائی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر احتجاج کیا ہے۔ ریاست کو وصول طلب 9 ہزار کروڑ روپئے اجرائی کے لئے پارلیمنٹ میں تحریک التواء نوٹس بھی دی گئی ہے۔ اس پر بات کرنے کے لئے وقت دینے کا اسپیکر پارلیمنٹ سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔