ٹی کرشنا ریڈی و ضلع پریشد صدرنشین انیتا ریڈی کانگریس میں شامل

   

مہیشورم میں بی آرایس کو جھٹکہ، دیپا داس منشی نے گاندھی بھون میں استقبال کیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری(سیاست نیوز) رنگا ریڈی ضلع و خاص طور پر مہیشورم اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کو آج اس وقت جھٹکہ لگا جب سابق رکن اسمبلی تیگلا کرشنا ریڈی اور رنگا ریڈی ضلع پریشد چیر پرسن تیگلا انیتا ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ رنگا ریڈی ضلع پریشد زیڈ پی ٹی سی ارکان اور حامیوں کی کثیر تعداد کے ساتھ جلوس کی شکل میں دونوں قائدین گاندھی بھون پہنچے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے دونوں کا پارٹی میں استقبال کیا۔ دیپا داس منشی نے تیگلا کرشنا ریڈی اور انیتا ریڈی کو پارٹی کھنڈوا پہنایا اور امید ظاہر کی کہ رنگا ریڈی ضلع میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ مہیشورم اور رنگا ریڈی کی ترقی کیلئے انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں کانگریس کے استحکام کیلئے مساعی کریں گے۔ کرشنا ریڈی نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے عوام کی بھلائی کو فراموش کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کانگریس کو اقتدار کا موقع دیا ہے اور یہ تبدیلی ریاست کے حق میں ہے۔ تیگلا انیتا ریڈی نے کہا کہ مہیشورم حلقہ کے عوام ترقی کے خواہشمند ہیں اور کانگریس میں شمولیت کا مقصد علاقہ کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں پنچایت راج نظام کو ختم کردیا گیا اور ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کے اختیارات ختم کردیئے گئے ۔ فنڈس کی عدم فراہمی کے نتیجہ میں علاقہ کی ترقی متاثر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولس اور دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدرنشین ضلع پریشد نے امید ظاہر کی کہ ریونت ریڈی حکومت مہیشورم اور ضلع رنگا ریڈی کی ترقی کیلئے اقدامات کریگی۔ انہوں نے کہا کہ رنگار یڈی میں کانگریس قائدین کے اشتراک سے پارٹی کو مستحکم کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ 1