پارٹی کیلئے چندہ، تاجروں کیلئے ڈنڈا اور ای ڈی کا پھندا

   

بی جے پی کے تین مقاصد ہیں ‘ کانگریس قائد جے رام رمیش کا طنز
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کیلئے انڈیا الائنس کی تیسری ریالی اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس دوران اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کے بعض قائدین کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کو ہر روز محکمہ انکم ٹیکس نوٹس بھیج رہا ہے۔ پارٹی کے بینک اکاؤنٹ کو مبینہ طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔ اس پر پارٹی کے ترجمان جے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی 3 منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور وہ ہیں ’پارٹی کیلئے چندہ، تاجروں کو ڈنڈا اور ای ڈی کا پھندا!۔جے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کل کی ریالی کسی فرد پر مرکوز ریالی نہیں ہے۔ یہ انڈیا اتحاد کی ریالی ہے، یہ کسی ایک پارٹی کی ریالی نہیں ہے۔ پہلی ریالی ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقد ہوئی تھی اور دوسری ریالی دہلی میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ کل کی ریالی میں بہت سے لوگ شرکت کریں گے۔ ٹی ایم سی بھی ریالی میں آئے گی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ ریالی کا موضوع ’جمہوریت بچاؤ‘ رکھا گیا ہے۔جے رام رمیش نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ’ٹیکس ٹیررزم‘ کی جا رہی ہے۔
خاص طور پر کانگریس پارٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل کی پریس کانفرنس تک کانگریس کو آئی ٹی سے چار نوٹس موصول ہوئے تھے لیکن کل رات دو مزید نوٹس بھیجے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کیسری جی کے وقت تک کے نوٹس موصول ہوئے ہیں۔جے رام رمیش نے بتایا کہ رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والی ریالی میں اپوزیشن لیڈر مہنگائی، بے روزگاری اور پولرائزیشن پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس پر اپوزیشن رہنما بحث کریں گے۔ مختلف ریاستوں میں دو وزرائے اعلیٰ اور کئی وزراء کو گرفتار کیا گیا ہے۔ الیکٹورل بانڈ پر بھی بحث ہوگی جسے سپریم کورٹ نے غیر آئینی قرار دیا ہے۔