پارکس میں غیراخلاقی حرکتیں کرنے والے جوڑوں کیخلاف شی ٹیم کی کارروائی

   

12 افراد کے خلاف جرمانے عائد ، عوامی مقامات پر ٹیم کی گہری نظر

حیدرآباد ۔ 24 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد شہر میں سیر و تفریح کیلئے لوگ اپنے خاندان کے ساتھ پارک جانے سے بھی کترارہے ہیں کیونکہ ایسے مقامات پر نوجوانوں جوڑوں کی غیراخلاقی حرکات پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھیں۔ اب حیدرآباد پولیس نے پارک میں غیراخلاقی حرکتیں کرنے والے جوڑوں کے خلاف کاروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہر کے مختلف پارکوں کے علاوہ کچھ ہوٹلس اور کھلے مقامات پر اکثر جوڑوں کو غیراخلاقی حرکتیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے جو لوگ اپنے خاندان کے ساتھ سیر و تفریح کیلئے وہاں جاتے ہیں تو انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا اور کئی بار تو لوگ ایسے مقامات سے واپس گھر جانے میں ہی اپنی اور اپنے خاندان کیلئے بہتری سمجھتے ہیں۔ اس معاملہ میں اب شی ٹیم نے پہل کی ہے۔ پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر غیراخلاقی و شرمناک حرکتیں کرنے پر 12 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شی ٹیم نے حیدرآباد کے اندرا پارک، نیکلس روڈ، کرشن کانتھ پارک کے علاوہ دیگر کئی مقامات سے نوجوانوں جوڑوں کو غیراخلاقی حرکتیں کرنے کے الزام میں پکڑا ہے۔ ایسے جوڑوں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور دوبارہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت دیکر چھوڑ دیا گیا۔ شی ٹیم نے نوجوان جوڑوں کو انتباہ دیا کہ وہ عوامی مقامات پر ایسے کام نہ کریں جس سے عام لوگوں کو پریشانی ہو، اگر اس طرح کی حرکت کی گئی تو نوجوان جوڑوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ شی ٹیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ اب عوامی مقامات، پارکس و دیگر علاقوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ع