پانی کو ضائع ہونے سے بچانے سخت اقدام

   

یکم نومبر سے نئے قوانین نافذ، پہلی خلاف ورزی پر 5 ہزار جرمانہ
حیدرآباد۔ 24 اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولٹین واٹر سپلائی بورڈ نے شہر میں واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی کے ضائع ہونے اور حمل و نقل کے دوران لکیجس کو روکنے کیلئے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے۔ واٹر بورڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے واضح کیا ہے کہ یکم نومبر سے ان قوانین پر عمل آوری شروع ہو جائے گی۔ اگر کوئی واٹر ٹینکر قواعد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر پہلی بار 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری مرتبہ قواعد کی خلاف ورزی پر متعلقہ ٹینکر کا رجسٹریشن منسوخ کردیا جائے گا۔ ٹینکروں کو گنجائش سے زیادہ بھرکر پانی ضائع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ جن ٹینکرس میں لکیج پایا گیا یا جن کے ڈھکن ٹھیک سے بند نہیں ہوں گے انہیں پانی بھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واٹر بورڈ کے ایم ڈی نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی بھرنے سے پہلے ہر ٹینکر کا مکمل معائنہ کریں۔ شہر کے تمام واٹر فیلنگ اسٹیشنس پر مسلسل کڑی نگرانی رکھی جائے گی تاکہ ان قواعد پر صد فیصد عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ واٹر بورڈ نے ٹینکرس کے مالکین اور ڈرائیورس پر زور دیا کہ وہ پانی کی بوند بوند کو بچانے کیلئے ذمہ دارانہ رول ادا کریں۔ ٹینکرس اسوسی ایشن سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان قواعد کے بارے میں شعور بیداری کریں۔ ان تمام سخت اقدامات کا بنیادی مقصد حیدرآباد میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور دستیاب آبی وسائل کا موثر استعمال کرنا ہے۔ یکم نومبر سے ان قواعد کے نفاذ کے بعد شہر بھر میں واٹر ٹینکرس کے نظام کی مانیٹیرنگ انتہائی سخت ہو جائے گی۔ 2؍F