ممبئی۔دہلی کیپٹلز کے پاور ہٹر روومین پاول امیدکر رہے تھے کہ راجستھان رائلز کے خلاف آخری اوور کی متنازع تیسری گیند کو اونچائی کے لیے نو بال کہا جائے گا کیونکہ وہ لگاتار چھ چھکے مارنے کے لیے پراعتماد محسوس کر رہے تھے۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے بیٹر ماضی کے بارے میں سوچنے کے بجائے آگے کے مقابلوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔گزشتہ مقابلے میں آخری اوور میں جیت کے لیے 36 رنز درکار تھے، پاول نے پہلی تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگائے، جس میں تیسری گیند بھی شامل تھی جو اوبیڈ میک کوئے کی طرف سے ایک ہپ ہائی فل ٹاس تھی، جس نے رنز کے مساوات کو تین گیندوں میں 18 رنز پر لایا۔ تاہم دہلی والوں نے مطالبہ کیا کہ تیسری گیند کو اونچائی کے لیے نو بال کہا جائے لیکن امپائرز اپنے موقف پر ڈٹ گئے اور کہا کہ گیند قانونی اعتبار سے نو بال نہیں ہے۔ اس کے بعد کپتان رشبھ پنت نے اپنے بیٹرس پاول اور کلدیپ یادو کو واک آؤٹ کرنے کو کہا اور اسسٹنٹ کوچ پراوین امرے امپائر سے بات کرنے کے لیے میدان میں داخل ہوئے۔ پاول کے حوالے سے ایک میڈیا ریلیز میں کہا گیا کہ یہ وہ چیز ہے جسے ہمیں بہت تیزی سے پیچھے رکھنا ہے۔ ہمارے پاس بہت سے مقابلے آنے والے ہیں، اورہمارے پاس ماضی میں رہنے کا وقت نہیں ہے۔ آپ جانتے ہیں، ہمیں ہمیشہ مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا کیونکہ کچھ اہم مقابلے آنے والے ہیں اور کامیابیوں کے ذریعہ ہم اگلے مرحلے میں رسائی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سچ کہوں تو میں کافی پر اعتماد تھا (ایک اوور میں چھ چھکے مارنے پر)۔ پہلے دو چھکے حاصل کرنے کے بعد میں پر اعتماد تھا کہ یہاں سے میں ایک ریکارڈ کامیابی حاصل کرسکتاہوں۔ میں صرف یہ امیدکررہا تھا کہ یہ نو بال ہے، لیکن امپائر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور ہم بطور کرکٹرز اسے قبول کرلیتے ہیں اور آگے بڑھتے ہیں۔ اس سیزن کی چھ اننگز میں، پاول کے اسکور 0، 20، 3، 8، 0 اور 36 ہے۔ اپنی موجودہ فام کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاول نے کہا میں پچھلے کچھ گیمز سے اس کی تلاش کر رہا ہوں، اور آخرکار یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ گزشتہ مقابلے میں رنز بنے ہیں۔ باقی میچوں کیلئے اس اننگز سے اعتماد حاصل کرنا اور اسے مقابلے کے اگلے مرحلے میں منتقل کرنا میرا مقصد ہے۔” دہلی فی الحال سات مقابلوں میں تین جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ کیپٹلز جمعرات کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اپنے اگلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے مقابلہ کریں گے۔