پاکستانی فوج کے سربراہ سے سعودی واماراتی وزرائے خارجہ کی ملاقات

   

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی مسلح فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب اور اماراتی وزرائے خارجہ عادل الجبیر اور عبداللہ بن زاید بن سلطان نے ملاقات کی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حل کے لیے بھی حمایت کا یقین دلایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دونوں ممالک کے ساتھ خصوصی اسٹرٹیجک تعلقات پر فخر کا اظہار کیا ہے۔