پاکستانی کرنسی کی تنزلی جاری، ڈالر 260 روپئے کا ہو گیا

   

اسلام آباد : پاکستان کی ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کا کیپ ختم کرنے کے بعد روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 260 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جمعرات کو اس میں زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کی جانب سے منگل کو امریکی ڈالر پر کیپ ہٹانے کے اعلان کے بعد اوپن مارکیٹ کے ساتھ ساتھ انٹر بینک میں بھی مسلسل تیزی دیکھی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق چہارشنبہ کو ڈالر کی قدر میں آخری اطلاعات تک 19 روپے 11 پیسے اضافہ ہو چکا ہے جس کے بعد یہ انٹر بینک میں 250 روپے کا ہو گیا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 260 روپے کے قریب پہنچ چکا ہے۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق روپے کی قدر میں مزید کمی دیکھی جا سکتی ہے۔اس سے صورتِ حال میں آنے والے دنوں میں ترسیلات زر میں اضافے کے ساتھ برآمدات کی مد میں رکے ہوئے غیر ملکی زرمبادلہ میں تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔