پاکستان اب ہوم سیریز کی میزبانی اپنے ملک میں کرے گا:وسیم خان

   

کراچی ۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مستقل واپسی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب اپنی تمام ہوم سیریز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرے گا۔ سری لنکائی ٹیم رواں ہفتے ونڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے جس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے مستقل طور پر کھلنے کی راہ ہموار ہو گی اور اب پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ملک میں ہی پاکستانی ٹیم کی تمام ہوم سیریز کے انعقاد کا دعویٰ کیا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ نے بڑی محنت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکائی ٹیم کی میزبانی کو تیار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ونڈے سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو ہو گا جس کے تمام میچز کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔وسیم خان نے ملک میں مستقل بنیادوں پر بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم اب اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں ہی کھیلے گی۔اس موقع پر انہوں نے جلد ہی ایک اورکرکٹ سیریز کے پاکستان میں انعقاد کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے بعد جنوری میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز بھی پاکستان میں ہی منعقد کروائیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز ہی ہیں، ابھی ہماری توجہ سری لنکا کے خلاف ونڈے اور ٹی20 سیریز پر مرکوز ہے اور اس سیریز کے بعد ٹسٹ ٹیم کی قیادت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ دونوں عہدے سونپنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیم کی کارکردگی کے احتساب میں آسانی ہو گی اور ماضی کے برعکس ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق پر پورا بھروسہ ہے اور بورڈ نتائج کی پرواہ کیے بغیر انہیں مکمل تعاون کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی نے کپتان اورکوچ کے اختیارات کا تعین کردیا ہے اور ٹیم کا انتخاب اور منصوبوں کا اختیار مصباح کے پاس ہے جبکہ فائنل الیون کپتان سرفراز احمد منتخب کریں گے۔ وسیم خان نے کہا کہ پاکستان سوپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں اور بورڈ کے فرنچائز سے معاملات جلد طے ہوجائیں گے۔