پاکستان اور آسٹریلیا کی ونڈے سیریز کے لوگو کی رونمائی

   

کراچی ۔18 مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز کے لوگو کی رونمائی کر دی گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے کوشش کی کہ آسٹریلیا یہ سیریز پاکستانی سرزمین پر کھیلے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا۔ پی ایس ایل کے دوران جو سکیورٹی ماہرین آئے، انہیں انتظامات سے مطمئن کیا۔ سری لنکائی ٹیم کے خلاف ستمبر،اکتوبر میں دو ٹسٹ کھیلے جانے ہیں اورامید ہے کہ وہ پاکستان آکر میچز کھیلنے پر تیار ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریزکا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ 24 مارچ کو شارجہ جبکہ تیسرا میچ 27 مارچ کو ابوظہبی میں ہوگا۔دونوں ٹیمیں چوتھے میچ میں 29 مارچ کو دبئی میں مقابل ہوں گی۔آخری ونڈے31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔