پاکستان اور ایران تحمل کا مظاہرہ کریں: چین

,

   

بیجنگ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایران کی جانب سے حملے پر چین کی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایرانی فورسز نے بلوچستان کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی سرکاری ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جیش العدل کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔پاکستان نے ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور تہران کو خبردار کیا کہ اس طرح کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ نتائج کی تمام تر ذمہ داری ایران پر عائد ہوگی۔رپورٹس کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر وزارت خارجہ نے ایرانی وزیر امور خارجہ کو طلب کر لیا۔واضح رہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کے ڈرون اور میزائل حملوں میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہو گئیں۔زرائع کے مطابق اس معاملے پر چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی گئی ہے۔چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں اور دونوں ممالک امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں۔