پاکستان اور چین کا کشمیر پر تبادلہ خیال

   

مسائل کے مذاکرات کے ذریعہ حل پر دونوںملکوں کا زور
اسلام آباد 8 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور چین نے آج کشمیر کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور اس ضرورت کا اظہار کیا کہ علاقہ کے جو مسائل ہیں انہیں باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے ۔ بیجنگ نے پاکستان کی سالمیت اور علاقائی سلامتی کے مسئلہ پر ہر ممکن تائید و حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ وزیر خارجہ چین کے دو روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری کردہ ایک مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ملکوں نے کہا ہے کہ باہمی اہمیت کے حامل تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے غیر متاثر رہیں گے ۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین تازہ کشیدگی چل رہی ہے کیونکہ ہندوستان نے جموں وکشمیر کے خصوصی موقف کو ختم کردیا تھا ۔ پاکستان اور چین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایک پرامن ‘ مستحکم ‘ تعاون پر مبنی اور خوشحال جنوبی ایشیا تمام فریقین کے مفاد میں ہے ۔ فریقین کیلئے ضروری ہے کہ وہ تنازعات اور علاقہ کے مسائل کو مذاکرات کے ذریعہ باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر حل کریں۔ پاکستان اور چین نے جموںو کشمیر پر بھی تبادلہ خال کیا ہے ۔ پاکستان نے چین کو صورتحال سے واقف کروایا اور اپنی تشویش ‘ موقف اور فوری توجہ کے طالب انسانی مسائل پر بھی چین کی توجہ مبذول کروائی ہے ۔ چین نے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کا کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ تاریخ کا چھوڑا ہوا تنازعہ ہے ۔