ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے پاک ۔ہندتعلقات کی بہتری کیلئے اپنے عزم کا اظہار کردیا۔بنگلہ دیشی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ہمارے خطے کے مستقبل کا معاملہ ہے، اگر یورپی یونین تاریخی تقسیم کے باوجود آگے بڑھ سکتی ہے، تو ہم کیوں آگے نہیں بڑھ سکتے؟۔انہوں نے پاکستان اور ہندوستان میں مسائل کے باوجود جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم “سارک” کو فعال کیا جاسکتا ہے، ہندوستان ۔پاکستان کے ساتھ کچھ معاملات معطل رکھ کر باقی پر آگے بڑھ سکتا ہے۔ وہ اسی پر کام کریں گے۔بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ کا کہنا تھا کہ اور کچھ نہیں کر سکتے تو بھی دکھاوے کیلئے ہی سہی سارک ممالک کے سربراہان اتحاد کے اظہار کیلئے جمع ہوکر ایک تصویر تو کھنچوا سکتے ہیں۔ڈاکٹر یونس کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ مسئلہ موجود ہو تو اسے ہمیشہ برقرار رکھا جائے، مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔