پاکستان: دہشت گردانہ کارروائیوں میں دوبارہ اضافہ

   

اسلام آباد: خیبر پختونخواہ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 3 اہلکار شہید اورایک دہشت گرد مارا گیا۔ ٹانک میں ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے میں ایک پولیس اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے جبکہ 10 اہل کاروں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد آپریشن جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ دہشت گردوں نے پولیس لائن کے اندر گھس کر ہینڈ گرینیڈز اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ امسال ملک میں خاص طور پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے صوبوں میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔اسلام آباد کا استدلال ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی اور ہدایت کاری افغانستان میں مقیم پاکستانی طالبان نے کی تھی، تا ہم افغانستان ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔خیال رہے کہ12 دسمبر کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر بم سے بھری گاڑی سے کیے گئے خودکش حملے میں 23 فوجی شہید ہوئے تھے اور 6 عسکریت پسندوں کو بے اثر کر دیا گیا تھا۔