پاکستان میں خود کش دھماکہ، پولیس اہلکار شہید

   

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین فور میں جمعہ کی صبح دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں ہائی الرٹ کی وجہ سے چیکنگ چل رہی تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا۔انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ گاڑی رکتے ہی خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہو گیا۔اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صبح سوا دس بجے ایک مشکوک ٹیکسی آرہی تھی جس میں ایک مرد اور ایک عورت سوار تھی، پولیس کے ایگل اسکواڈ نے مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں روکا اور ان کی تلاشی لی۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی مشکوک افراد کی جامع تلاشی جاری تھی کہ ایک لمبے بالوں والا لڑکا واپس گاڑی میں آیا اور اس نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے دہشت گردی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔