اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کا اعادہ۔ شہبازشریف کے دورۂ چین کا مشترکہ اعلامیہ
بیجنگ: پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے چین نے مزید 500 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے دورۂ چین کا آج مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں چین نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ شہبازشریف نے اس دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے چینی ہم منصب لی کیقیانگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی صدر کو چینی کمیونسٹ پارٹی کا سکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے چینی صدرکو دورۂ پاکستان کی دعوت دی جسے جن پنگ نے قبول کرلیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ شہباز شریف کے اس دورے باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔