پاکستان میں صرف 11 فیصد لوگ ٹیکس ادائیگی کے مخالف

   

اسلام آباد : پاکستان میں حالیہ دنوں میں کئے گئے سروے میں شامل 84 فیصد پاکستانیوں نے ٹیکس کی ادائیگی کی حمایت کی اور ٹیکس چوری کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوری کا ملکی معیشت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔ پاکستان جو اقتصادی طور پر کنگالی کے دہناے پر ہے وہاں کے 84 فیصد لوگ ٹیکس ادا کرنا ضروری سمجھتے ہیں اور ٹیکس چوری کے خلاف ہیں جبکہ 11 فیصد لوگ ٹیکس کی ادائگی کی مخالفت کرتے ہیں۔یہ حقیقت گیلپ پاکستان کے سروے کے ذریعہ سامنے آئی ہے۔29 فروری سے 15 مارچ کے درمیان کیے گئے سروے میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ سروے میں شامل 84 فیصد پاکستانیوں نے ٹیکس کی ادائیگی کی حمایت کی اور ٹیکس چوری کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوری کا ملکی معیشت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔
دوسری جانب 11 فیصد لوگ ٹیکس ادا کرنے کے خلاف تھے اور اپنے فیصلے کی حمایت میں مختلف وجوہات پیش کیں۔ دو فیصد لوگوں نے موقع ملنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے پر درمیانی راستہ اختیار کیا، نہ کھل کر ٹیکس ادائیگی کی حمایت اور نہ مخالفت کی، جبکہ تین فیصد لوگوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا اور خاموش رہے۔