پاکستان کیلئے مزیدسخت الفاظ استعمال کئے جاسکتے تھے

   

مخصوص دہشت گردی کو لگاتار نظرانداز کرنے پر یوروپی ممالک پر جئے شنکر کی تنقید

نئی دہلی: وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے اکثر پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کو فروغ دینے میں پڑوسی ملک کے کردار کو دیکھتے ہوئے وہ پاکستان کیلئے زیادہ سخت الفاظ استعمال کرسکتے تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کیلئے دہشت گردی کے مرکز کی اصطلاح کے استعمال سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف اس لئے کہ آپ ایک سفارت کار ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ سچ نہیں بولیں گے۔ میں اس سے زیادہ مشکل الفاظ استعمال کر سکتا ہوں۔ ہندوستان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس کیلئے ’مرکز‘ ایک بہت ہی مختصر اور سفارتی اصطلاح ہے۔ آسٹریا کے ایک چیانل کو انٹرویو میں جئے شنکر نے کئی سال سے جاری دہشت گردی کے طریقوں کی مذمت نہ کرنے پر یورپی ممالک پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نظریات اور اقدار کی بات کرتے ہیں تو یورپ کے ممالک ان سرگرمیوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے جو کئی دہائیوں سے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی ملک ہے جس نے چند سال پہلے ہندوستان کی پارلیمنٹ پر حملہ کرایا، ممبئی پر حملہ کرایا گیا، جو آئے دن سرحد پار سے دہشت گرد ہندوستان کو بھیجتا ہے۔اس سوال پر کہ کیا دنیا کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کے بارے میں فکر مند ہونا چاہئے، جئے شنکر نے کہا کہ میرے خیال میں دنیا کو دہشت گردی کے بارے میں زیادہ فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔ دنیا کو اس بات پر فکر مند ہونا چاہیے کہ دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود دنیا اسے نظر انداز کر رہی ہے۔