پاکستان کیچز چھوڑنے والی ٹیموں میں سرفہرست

   

لارڈز۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت فتح حاصل کرنے میں توکامیاب رہی لیکن ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ اور پھر بولروں کی نپی تلی بولنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو49 رنز سے شکست دینے میں کامیاب رہی لیکن اس میچ میں بھی بدترین فیلڈنگ پاکستانی ٹیم کے لیے دردسر بن رہی ہے اور میچ میں پاکستان نے 6 کیچ چھوڑے۔کیچ چھوڑنے کا سلسلہ پہلے ہی اوور سے شروع ہوا جب محمد حفیظ کی بولنگ پر وہاب ریاض جنوبی افریقی اوپنرکوئنٹن ڈی کوک کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔ ہاشم آملہ تو جلد آؤٹ ہو ئے لیکن چند اوورز بعد گیند جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کے بیٹ کا بہاری کنارہ لیتی ہوئی پوائنٹ پر کھڑے شاداب خان کی جانب آئی لیکن وہ انتہائی کوشش کے باوجود بھی یہ مشکل کیچ نہ تھام سکے اگر وہ کیچ پکڑ لیتے تو یہ ٹورنمنٹ کے بہترین کیچز میں سے ایک ہوتا۔ اس کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر کی جانب سے کیچزچھوڑنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ عامر نے پہلے ڈیو پلییسی کو کیچ کرنے میں ناکام رہے اور پھر اپنی ہی گیند پر ڈیوڈ ملرکا کیچ چھوڑنے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر بھی ملر کا ہی ایک اورکیچ چھوڑ دیا۔ کپتان سرفراز بھی کہاں پیچھے رہنے والے تھے اور انہوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے وہاب ریاض کی گیند پر راسی وین در ڈوسن کا کیچ چھوڑا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹیم نے مذکورہ ورلڈ کپ کے کسی میچ میں کیچز چھوڑے ہیں بلکہ اس سے قبل بھی میچز میں یہ غلطی مسلسل انجام دی جاتی رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی خراب فیلڈنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں سب سے زیادہ مجموعی 14 کیچ چھوڑ ے ہیں اور کیچ چھوڑنے کا تناسب 35 فیصد سے زائد ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر میزبان انگلینڈ کی ٹیم موجود ہے جس نے اب تک 42 کیچ پکڑے اور 10 کیچ چھوڑے جبکہ ان کے کیچ چھوڑنے کی شرح 19.23 ہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک دور میں اپنی فیلڈنگ کے لیے شہرت رکھتی تھی لیکن مذکورہ ورلڈ کپ میں ان کے سیمی فائنل کی دوڑ سے جلد باہر کی ایک وجہ خراب فیلڈنگ بھی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے بھی اس ورلڈ کپ میں 7 کیچز چھوڑے۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی خراب فیلڈنگ میں پیچھے نہیں اور اب تک ایونٹ میں فی کس چھ کیچز چھوڑ چکی ہیں۔ اس فہرست میں سب سے بہتر ہندوستان کی ٹیم نے جس نے اب تک صرف ایک کیچ چھوڑا ہے جبکہ سری لنکا اور افغانستان نے بھی اب تک صرف دوکیچ چھوڑے ہیں۔