پاکستان کی نصف آبادی انٹرنیٹ سے محروم :رپورٹ میں انکشاف

   

اسلام آباد: ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ انڈیکس کی جانب سے جاری پہلی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک کی نصف آبادی انٹرنیٹ سے محروم ہے ۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے تیار کی گئی یہ رپورٹ نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کا حصہ ہے جس کا آغاز وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کیا۔رپورٹ میں ملک کو ڈیجیٹل ترقی کے لحاظ سے ‘اعتدال پسند’ زمرے میں رکھا گیا اور انکشاف کیا گیا کہ خواتین ڈیجیٹل ترقی سے محروم ہیں، 83.5 فیصد خواتین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا فون ان کی شریک حیات یا والدین کے زیر کنٹرول ہے ۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کی امیر ترین 20 فیصد آبادی میں ڈیجیٹل ترقی کی سطح غریب ترین 20 فیصد آبادی کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ ہے ، اس سے پتہ چلتا ہے کہ ڈیجیٹل ترقی کے لیے دولت کا کردار اہم ہے ۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ڈیجیٹل ترقی کی سب سے زیادہ رہی، اس کے بعد کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، ہری پور، اور ایبٹ آباد بھی ڈیجیٹل ترقی کی اعلیٰ کیٹیگری میں شامل ہیں۔رپورٹ میں ڈیجیٹل تبدیلی پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع اور انسانی ترقی کے بہتر نتائج حاصل کرنے والے اضلاع کے درمیان مضبوط رابطے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔دوسری جانب ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں ملک کی درجہ بندی کم ہے ، پاکستان 193 ممالک میں سے 164 درجے پر موجود ہے ، اس کے علاوہ یہ صنفی عدم مساوات میں 166 ممالک میں سے پاکستان 135 ویں نمبر پر ہے ۔

تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی،محو خواب افراد زخمی
کراچی: عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی، جس کے باعث 6 افراد زخمی ہوگئے ۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 6 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ جبکہ پولیس نے کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے ۔دوسری جانب لکی مروت میں رات گئے شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ، جس کے باعث 6افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔