پاکستان کے خلاف آسٹریلیا پہلے دن 187/3

   

میلبورن ۔ پرتھ ٹسٹ کے بعد آسٹریلیا نے میلبورن ٹسٹ میں بھی پر اعتماد آغازکرتے ہوئے پہلے روزکے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے۔ میلبورن میں پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 90 رنزکا آغاز فراہم کیا۔ ڈیوڈ وارنر 38 اور عثمان خواجہ 42 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ حسن علی اورآغا سلمان نے ایک ایک وکٹ لی جب کہ اس سے قبل عبداللہ شفیق نے ابتدا میں ہی ڈیوڈ وارنر کا آسان کیچ چھوڑا جو پہلے ٹسٹ کی یاد تازہ کررہا تھا۔آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر اسٹیون اسمتھ تھے جو 26 رنز بناکر عامر جمال کا نشانہ بنے۔دوسرے ٹسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر187 رنز بنالیے۔ مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز بناکر میدان پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ میلبورن میں کھیلے جارہے باکسنگ ڈے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان میچ کھیل رہے ہیں جبکہ خرم شہزاد کی جگہ میر حمزہ اور فہیم اشرف کی جگہ حسن علی کو مہمان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابراعظم اور سعود شکیل شامل ہیں۔ سلمان علی، شاہین آفریدی اور عامر جمال بھی ٹیم کا حصہ ہیں، آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ملبورن کے میدان میں پاکستان نے 1964 سے 2016 تک دس ٹسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 مقابلوں میں اس نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے میلبورن میں آخری ٹسٹ میچ 1981 میں جیتا تھا۔