پاکستان کے معاشی حالات بہتری کیجانب گامزن: شہباز شریف

   

اسلام آباد: پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق ملک کے معاشی اشاریوں میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔ آئی ایم ایف بورڈ کے ایک اجلاس سے قبل اس بیان میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل اصلاحات اور نجکاری کے حوالے سے کام جاری ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریوں میں بہتری کے اشارے مل رہے اور ساتھ ہی نجکاری اور مشکل اقتصادی اصلاحات کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کے اس اجلاس کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کے ڈیڑھ ماہ کے دوران برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔شہباز شریف کا یہ بیان پیر کو ہونے والے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بورڈ کے ایک اجلاس سے پہلے سامنے آیا ہے، جس میں پاکستانی حکومت کی جانب سے گزشتہ برس کیے گئے تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی دوسری اور آخری قسط کی ادائیگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ادائیگیوں کے توازن کے دیرینہ بحران کے باعث پاکستان کو یکم جولائی سے شروع ہونے والے آئندہ مالی سال میں قرضوں اور سود کی ادائیگی کیلئے 24 ارب ڈالر کی ضرورت ہو گی۔ یہ رقم پاکستان کے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر سے تین گنا زیادہ ہے۔