پاکستا ن سے مریم خان، بنگلہ دیش سے ڈاکٹر نادیہ کو اعزاز

   

کورونا بحران میں اپنے بزنس کو پروان چڑھانے والی شخصیتوں میں مالدیپ کی ڈاکٹر مریم بھی شامل

نئی دہلی: فیڈریشن آف ویمن انٹرپرینیورز آف انڈیا نے پاکستان سے مریم خان، بنگلہ دیش سے ڈاکٹر نادیہ بنت امین، مالدیپ سے ڈاکٹر مریم شکیلہ اور نیلم پاٹل، اروناچل پردیش سے ڈونگچے یانک اور ارپنا چلو اور ایس سمترا ملک اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی 30 خواتین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے کورونا وبا کے دوران اپنے کاروبار کو نئی بلندیاں پر پہنچایا اور ثقافت کی ترقی اور معاشرے کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔یہ ایوارڈز جمعرات کی شام فیڈریشن آف ویمن انٹرپرینیورز آف انڈیا(ایف آئی ڈبلیو ای)کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب میں پیش کیے گئے ۔ یہ ایوارڈز پریہ درشنی، لائف ٹائم اچیومنٹ اور غیر معمولی کیٹیگریز میں دیے گئے ۔ اعزازپانے والی خواتین کو انعامات کے طور پر شال، یادگاری نشانات اور توصیفی اسناد دی گئیں۔ تین دن تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کا اہتمام مرکزی وزارت مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے تعاون سے کیا گیا تھا۔فیڈریشن آف انڈین ویمن انٹرپرینیورز کی صدر رجنی اگروال نے کہا کہ اس تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے 200 سے زیادہ خواتین کاروباریوں نے شرکت کی۔ ان خواتین کاروباریوں نے مالدیپ، بنگلہ دیش، سری لنکا، سنگاپور، نائجیریا، نیپال اور پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کورونا کے بعد کی صنعتوں کو درپیش چیلنجز پر سنجیدگی سے غور کیا گیا۔ کورونا وبا نے صنعت کے ماحول میں بہت بڑی تبدیلی لائی ہے ۔