پاک۔افریقہ آج پہلا ونڈے،آملہ کامیابی کیلئے پرعزم

   

پورٹ ایلزیبتھ۔18جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ نے اپنی ٹیم کو مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پہلے ونڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان کو ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی ٹیم پاکستان کو ونڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے میچ میں شکست دیکر ونڈے سیریز کا کامیاب انداز میں آغازکرنا چاہتے ہیں ،تاہم انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کیلئے پوری ٹیم کو سرتوڑ محنت کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 جنوری کو ہو گا۔ ٹسٹ سیریز میں شکست کے بعد ونڈے سیریز کیلئے پاکستانی کھلاڑی جوہانسبرگ سے پورٹ الزبتھ پہنچ گئے ہیں۔