کراچی ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولروںکے لئے سازگار وکٹ تیار کی گئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان نے اسپنرز کو خارج کر کے تمام فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترنے پر غور شروع کردیا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹسٹ میچ4 فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔کراچی میں گراؤنڈزمین نے وکٹ پر نمی کو برقرار رکھنے کے لئے وکٹ کو ڈھانپ کر رکھا تھا لیکن اس کے باوجود پہلے دن 14 وکٹیں گرگئی تھیں لیکن راولپنڈی کی نمی سے بھرپور وکٹ پر نہیں ڈھانپا گیا تاکہ دھوپ لگا کر وکٹ کو کسی حد تک خشک کیا جا سکے۔وکٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اسپنرزکو ہٹانے کرنے کا اشارہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کہا کہ راولپنڈی میں وکٹ اور موسم کراچی سے مختلف ہے لیکن ہم ٹیم کے حوالے سے فیصلہ میچ کے قریب آ کر کریں گے، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہم ٹیم میں تبدیلیوں کے لیے تیار ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ ہم صرف اس لئے اسپنرکو کھلائیں کیونکہ انہوں نے کراچی میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، اگر یہ لگا کہ وکٹ اسپنرز کے لئے موزوں نہیں ہے تو ہم ٹیم میں فاسٹ بولروں کی شمولیت کے لئے تیار ہیں۔ راولپنڈی کی وکٹ بولنگ کے لیے سازگار تصور کی جاتی ہے اور گزشتہ پانچ سال میں یہ وکٹ بولروں کے لئے جنت کی حیثیت رکھتی تھی۔گزشتہ پانچ سال کے دوران فرسٹ کلاس کرکٹ میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ پر 21.40 کی اوسط سے فاسٹ بولروں نے 498 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسپنرز 34.18 کی اوسط سے صرف 72 وکٹیں لے سکے۔پاکستان نے پہلے ٹسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اس فتح میں اسپنرز نے مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی 20 میں سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔تاہم پاکستان ٹیم مینجمنٹ راولپنڈی میں فاسٹ بولروں کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے پہلے ٹسٹ میچ میں اسپنرزکی عمدہ کارکردگی کے باوجود اسپنرز کو ٹیم سے باہر کرنے پر غورکیا جا رہا ہے۔