پاک افغان دوستی بس سروس کے آغاز کو قطعیت

   

اسلام آباد ؍ کابل : پاکستان اور افغانستان کے درمیان پاک افغان دوستی بس سروس شروع کرنے کے لئے معاملات طے پا گئے ہیں اور پاکستان نے افغانستان کے ساتھ زمینی راستے سے سفر کیلئے لگژری بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مسافروں اور سامان کی کسٹمز و امیگریشن کلیئرنس کیلئے طورخم بارڈر پر انٹرنیشنل بس ٹرمینل قائم ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی وزارت موصلات اور افغان وزارت مواصلات کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور بس سروس کا باقاعدہ آغاز کرنے کیلئے بھی اصولی اتفاق ہوچکا ہے جس کیلئے پاکستان اور افغانستان اپنی اپنی حدود میں جلد انتظامات کو حتمی شکل دے گا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان زمینی راستے سے سفر کیلئے بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر میں دشواریوں کے باعث کیا گیا ہے کیونکہ طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے ایئر فلائٹس میں دشواریاں آرہی تھیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان معاملات و مسائل کے حل کیلئے قائم افغانستان انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سیل کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان زمینی سفر کیلئے پشاور تا جلال آباد لگژری بس سروس شروع کی جائے گی، جس کیلئے پاکستان کی وزارت مواصلات اور افغان وزارت مواصلات کے درمیان معاملات طے پاگئے۔