پاک جنرل عاصم منیر نے سپہ سالار کی کمان سنبھال لی

   

اسلام آباد : جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کمان سونپ دی اور وہ پاکستان کے 17ویں سپہ سالار بن گئے ہیں۔ایک پروقار تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی جس کے بعد پاک فوج کی مختلف رجمنٹس سے تعلق رکھنے والے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی اور اس دوران قومی نغموں نے شرکا کے جوش و ولولے میں اضافہ کردیا۔اس دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر بھی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔اس کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔