پبلک سرویس کمیشن پرچہ افشاء کیس ایس آئی ٹی نے عبوری چارج شیٹ داخل کی

   

حیدرآباد 9جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پرچہ افشاء کیس میں حیدرآباد کی ایس آئی ٹی نے عدالت میں عبوری چارج شیٹ داخل کردی ۔ 11مارچ 2023ء کو کمیشن اسسٹنٹ سکریٹری ستیہ نارائنا نے بیگم بازار پولیس میں پرچہ افشاء کی شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا اور بعد ازاں اس کی تحقیقات کو سی سی ایس کی ایس آئی ٹی حوالے کردیا گیا ۔ ایس آئی ٹی نے 49 ملزمین کو گرفتار کیا ۔ کیس کا کلیدی ملزم پبلک سرویس کمیشن کا اسسٹنٹ سیکشن آفیسرپراوین کمار ہے جس نے اپنے ساتھی اے راج شیکھر آؤٹ سورسنگ ملازم کے ہمراہ کمیشن کے خفیہ سیکشن کے کمپیوٹر کی تفصیل حاصل کرکے گروپ۔I ، اسسٹنٹ انجنیئر و دیگر جائیدادوں کے پرچہ سوالات پن ڈرائیو میں ڈاؤن لوڈ کرلیا ۔ ایجنسی نے پتہ لگایا کہ پرچہ افشاء کے بعد ملزمین نے کئی افراد کو فروخت کردیا تھا جس کے عوض لاکھوں روپئے کمائے ۔