پبلک ٹرانسپورٹ مسافرین کی کوویڈ قواعد سے روگردانی

   

حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں کوویڈ ۔ 19 کیسیس میں ہورہے پھر اضافہ کے ساتھ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لوگ اب بھی پہلی اور دوسری لہر سے کوئی سبق نہیں سیکھے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بالخصوص بسوں، ٹرینوں، ٹرکس اور آٹوز میں اس سے متعلق تمام اُصول و قواعد کو نظرانداز کیا جارہا ہے کیوں کہ کئی لوگ ماسک کا استعمال نہیں کررہے ہیں اور سماجی فاصلہ کو برقرار نہیں رکھا جارہا ہے۔ عموماً یہ دیکھا جارہا ہے کہ ریلوے اسٹیشنس اور تقریباً تمام بس ڈپوز میں کوویڈ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ سیفٹی پروٹوکولس کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ لوگ بس اسٹانڈس میں ماسک کے بغیر اور سماجی فاصلہ کو برقرار نہ رکھتے ہوئے بے پرواہی سے پھرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ بعض مسافرین کے مطابق شہر میں آٹو رکشا ڈرائیورس کے پاس انہیں مسافرین سے علیحدہ رکھنے کے لئے ضروری ایکویپمنٹ جیسے کور شیلڈ نہیں ہیں۔ بسوں میں بھی کنڈکٹرس مسافرین سے قواعد پر عمل کرنے کے لئے نہیں کہہ رہے ہیں۔ بعض بسوں میں صفائی بھی نہیں کی جارہی ہے۔ روزانہ سفر کرنے والے ایک شخص منوہر راؤ نے کہاکہ اگرچیکہ کئی تنظیموں کی جانب سے لوگوں کو کوویڈ پروٹوکول سے متعلق حساس بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لوگ اس پر عمل کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ پہلے شہریوں کو وباء کی موجودہ حالت سے باخبر رہنا چاہئے اور کوویڈ پروٹوکول پر عمل کرنا چاہئے لیکن شہری صحت کے معاملہ میں لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ حال میں جب میں سکندرآباد سے کوکٹ پلی بس میں سفر کیا تو دیکھا کہ کئی لوگ ماسک کے بغیر تھے۔ کنڈکٹر اور نہ ہی ڈرائیور نے مسافرین کو ماسک لگانے کے لئے کہنے کی زحمت کی۔ عہدیداروں کی جانب سے بس اسٹانڈس پر چیکنگ کی جانی چاہئے۔