پتنگ بازی کے دوران حادثات ‘ 2 افراد ہلاک

   

حیدرآباد۔ مکر سنکرانتی کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران دو علحدہ حادثات میں دو افراد بشمول ایک ٹی آر ایس کارکن چھت سے گرکر ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ بنگارو کرشنا ساکن چکڑ پلی سنکرانتی کے موقع پر مکان کی تیسری منزل پر دوست احباب کے ساتھ پتنگ بازی میں مصروف تھا اور اتفاقی طور پر نیچے گرپڑا۔ کرشنا پڑوس کے مکان کی آہنی ریلنگ پر جاگرا جس کے نتیجہ میں تیز دھاری سلاخیں اس کی پسلیوں میں گھس گئیں اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ پر سنسنی پھیل گئی اور کرشنا جو مقامی ٹی آر ایس لیڈر بتایا جاتا ہے کو وہاں سے نکالا گیا۔ اس خوفناک منظر کو دیکھنے کئی افراد جمع ہوگئے۔ پولیس چکڑ پلی نے ایک مقدمہ درج کرکے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ہے۔ پتنگ بازی کے دوران حادثہ کا ایک اور واقعہ مادھا پور صدیق نگر میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 سالہ انکت جو تیسری جماعت کا طالب علم تھا تیسری منزل سے اسوقت نیچے گرپڑا جب وہ افراد خاندان کے ساتھ پتنگ بازی میں مصروف تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔