راجکوٹ۔ تجربہ کار ہندوستانی بیٹر چیتشور پجارا جو بڑی اننگزکھیلنے کے منتظر ہیں انہیں منگل کو 17 فروری سے شروع ہونے والے رانجی ٹرافی کرکٹ ٹورنمنٹ کے لیے سوراشٹرا کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔سوراشٹرا کرکٹ اسوسی ایشن نے 21 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں پجارا کو شامل کیا گیا ہے۔سوراشٹرا کو ایلیٹ گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے اور ٹیم اپنا لیگ میچ احمد آباد میں کھیلے گی۔سوراشٹرا گروپ ڈی میں 41 بار کی رانجی چمپئن ممبئی، اڈیشہ اورگوا کے ساتھ ہے۔ توقع کے مطابق سلیکٹرز نے تجربہ کار پجارا کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔ ٹیم کی کمان تجربہ کار بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرجے دیو انادکٹ کو سونپی گئی ہے۔ٹیم اس وقت یہاں ایس سی اے اسٹیڈیم میں ٹریننگ کررہی ہے۔آئی پی ایل کے فاسٹ بولر چیتن سکاریا کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔گزشتہ سال کوویڈ۔19 کی وبا کی وجہ سے رانجی ٹرافی کا انعقاد نہیں کیا جا سکا تھا۔ اس سال بھی ٹورنمنٹ 13 جنوری سے شروع ہونا تھا لیکن ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا۔ ٹورنمنٹ اب دو مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ جمعرات سے ملک بھرکے مقامات پر شروع ہوگا اور 15 مارچ تک جاری رہے گا۔ ٹاپ ڈومیسٹک مقابلے کو آئی پی ایل کے دوران وقفہ دیا جائے گا اور دوسرا مرحلہ 30 مئی سے 26 جون تک کھیلا جائے گا۔