شعور بیداری کے باوجود رائے دہندے بیدار نہیں ہوئے
حیدرآباد۔/13 مئی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں رائے دہندوں کی بے حِسی نے سیاسی پارٹیوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ حیدرآباد میں ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے شعور بیداری مہم سے امید کی جارہی تھی کہ صبح کی اولین ساعتوں سے پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندوں کی قطاریں موجود رہیں گی لیکن صورتحال مختلف رہی۔ پرانے شہر کے علاقہ میں کئی پولنگ بوتھس پر صبح 8 بجے تک بھی رائے دہندے نہیں پہنچے تھے۔ رائے دہندوں کی بے حِسی کو دیکھتے ہوئے بعض علاقوں میں مقامی سیاسی کارکنوں کو مکانات پر دستک دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ دستک دینے والوں کو جواب ملا کہ گھر والے سورہے ہیں اور جاگنے کے بعد ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ سیاسی کارکنوں نے کئی علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر سونے والے رائے دہندوں کو جگانے کی کوشش کی باوجود اس کے دوپہر تک بھی رائے دہی کی رفتار انتہائی سُست تھی۔ عوام کا کہنا تھا کہ شعور بیداری مہم کے باوجود پرانے شہر کے عوام بیدار نہیں ہوئے ہیں۔ پرانے شہر کے بعض دیگر علاقوں میں ضعیف العمر افراد کو گھر گھر پہنچ کر رائے دہی میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ ضعیف افراد نوجوانوں سے کہہ رہے تھے کہ ووٹ دینا دراصل نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کو یقینی بنائے گا ، ہم نے تو اپنی عمر گذار لی اب جو کچھ بھی کرنا ہے نوجوان نسل کو کرنا ہوگا۔1