بنڈلہ گوڑہ میں رجسٹریشن آفس قائم کرنے کا مطالبہ ، اسمبلی میں اکبر الدین اویسی کی تقریر
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی نے پرانے شہر میں ایم جی بس اسٹانڈ سے فلک نما تک میٹرو ریل چلانے کے لیے سنگ بنیاد رکھنے ، بنڈلہ گوڑہ میں رجسٹریشن آفس قائم کرنے اور 6 گیارنٹی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اسمبلی میں بجٹ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ جہاں تک ان کی اطلاع ہے حکومت کے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے لیے 2,15,568 کروڑ روپئے اور ماباقی دیگر وعدوں کی تکمیل کے لیے 37,307 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ اگر وہ غلط ہے تو ڈپٹی چیف منسٹر اس کو درست کریں ۔ ان 6 گیارنٹی پر عمل آوری کے لیے کتنے مصارف ہوں گے ۔ اس کی تفصیلات پیش کی جائے ۔ دھرانی پورٹل کو برقرار رکھا جارہا ہے یا نہیں حکومت اس کی وضاحت کرے ۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ فوری اس کا سنگ بنیاد رکھیں ۔ گذشتہ تین سال سے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایہ جات جاری نہیں کئے گئے ، تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو تعلیمی اداروں کی جانب سے سرٹیفیکٹس جاری نہیں کئے جارہے ہیں ۔ جس سے انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور روزگار کے حصول میں کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں حکومت تمام بقایہ جات یکمشت جاری کرنے کے بجائے کم از کم اقساط میں جاری کریں اور کالجس کو احکامات جاری کریں کہ وہ فیس کے لیے طلبہ کو ہراساں نہ کریں اور فوری سرٹیفیکٹس کی اجرائی کو ممکن بنائے ۔ اوورسیز اسکالر شپس کے بھی 64.50 کروڑ روپئے کے بقایہ جات ہیں ۔ مجلس پارٹی اولڈ پنشن اسکیم کو بحال کرنے اور پی آر سی جاری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ٹمریز کے اسکولس کرائیے کے عمارتوں میں چلائے جارہے ہیں حکومت کی جانب سے ان عمارتوں کو کرایہ جاری نہیں کیا ہے ۔ اس کے بقایہ جات فوری جاری کریں ۔ اقلیتی امدادی اسکیمس ، بی سی ویلفیر اسکیم کے چیکس منظور ہوئے ہیں اور کلکٹرس کے پاس فنڈز محفوظ ہے منظورہ چیکس کو فوری جاری کرنے کے اقدامات کریں ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کے پٹہ جات جاری کردئیے گئے مگر استفادہ کنندگان کو ابھی تک چابیاں نہیں دی گئی ہیں ۔ حکومت جی ایچ ایم سی کو 3759 کروڑ روپئے کے بقایہ جات ہیں کم از کم نصف فنڈز جاری کرتے ہوئے شہر کے ترقیاتی و تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کریں ۔ پرانے شہر میں میرے اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ میں تین فلائی اوور منظور ہوئے ۔ کانگریس حکومت کم از کم ایک فلائی اوور تعمیر کرنے کا آغاز کرے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں ضلعی سطح پر ڈی ڈی آر سی کا اجلاس طلب کیا جاتا تھا اس کا دوبارہ احیاء کرنے کی ضرورت ہے ۔۔ 2