پرانے شہر میں میٹرو پراجکٹ کے آغاز میں تاخیرکیلئے مجلس ذمہ دار: نرنجن

   

حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حیدرآباد کے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کے کاموں کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے کہا کہ چیف منسٹر 7 مارچ کو پرانے شہر کے فلک نما میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین پراجکٹ پرانے شہر کے عوام کی دیرینہ خواہش ہے تاکہ نئے شہر کی طرح پرانے شہر میں بھی ترقی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ 2017 میں میٹرو ٹرین خدمات کا آغاز ہوا تھا لیکن مجلس کی جانب سے اعتراضات پر پراجکٹ کو مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے پاس روک دیا گیا تھا۔ مجلس کی جانب سے تجویز کردہ متبادل روٹ کو حکومت اور ایل اینڈ ٹی نے قبول نہیں کیا تھا۔ پراجکٹ پر مقررہ مدت میں عدم تکمیل کے نتیجہ میں پراجکٹ کی مالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے ڈسمبر 2014 میں طلب کردہ کُل جماعتی اجلاس میں مجلس نے پراجکٹ کے حقیقی منصوبہ پر اعتراض کیا تھا۔ نرنجن کے مطابق مجلسی قائدین کے اعتراضات کے نتیجہ میں املی بن تا فلک نما پراجکٹ کی مالیت بڑھ کر 2000 کروڑ ہوچکی ہے۔1