گریٹر حیدرآباد میں سنچری مکمل ہوگی ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا تاثر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بتایا کہ پرانے شہر میں ٹی آر ایس 10 تا 15 بلدی ڈیویژن پر کامیابی حاصل کرے گی اور گریٹر حیدرآباد میں اس مرتبہ سنچری مکمل کرے گی ۔ محمد محمود علی کہا کہ ٹی آر ایس کا 150 ڈیویژنس پر مقابلہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹی آر ایس سے کسی کا کوئی اتحاد نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس جی ایچ ایم سی انتخابات میں تنہا مقابلہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات ٹی آر ایس کے کامیابی کی ضامن ہوگی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی پر 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی ترقی سارے ملک کے لیے مثالی ثابت ہورہی ہے ۔ سارے ہندوستان میں حیدرآباد واحد شہر ہے جہاں کیبل برج موجود ہے ۔ ریاست میں بالخصوص حیدرآباد میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ گذشتہ 6 سال کے دوران کوئی فساد نہیں ہوا اور نہ ہی کرفیو لگانے کی نوبت آئی ہے ۔ 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ پینے کے پانی کی قلت کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ تقریبا 800 بستی دواخانے قائم کرتے ہوئے غریب عوام کو مفت طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر فلائی اوورس اور سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ سابق حکومتوں نے اقلیتوں کو ووٹ بنک کی طرح استعمال کیا تاہم چیف منسٹر اقلیتوں کی ترقی و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چند طاقتیں صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے شہر کے امن و امان کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ حکومت ناپاک ارادے رکھنے والوں کو ان کے اپنے مقصد میں کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔۔