مجلسی ارکان اسمبلی کی اجلاس میں شرکت ۔ مختلف محکموں کا بھی اجلاس ۔ سرکاری اراضیات کی فروخت کی تفصیل پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج دن بھر سیکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروںکے علاوہ مجلسی ارکان اسمبلی کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرکے ترقیاتی امور کے متعلق آگہی حاصل کی۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد آج سیکریٹریٹ میں مصروف ترین دن گذارتے ہوئے محکمہ بلدی نظم ونسق ‘ محکمہ تعلیم کے علاوہ پرانے شہر کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبوں کے متعلق معلومات حاصل کی۔پرانے شہر کے ترقیاتی امور اور مسائل کے حل کے سلسلہ میں مجلسی ارکان اسمبلی اور عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ‘ کے علاوہ دیگر پراجکٹس کی معلومات حاصل کی اور تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری محترمہ سانتی کماری و عبوری اسپیکر اکبر الدین اویسی ‘ ارکان اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ‘ میر ذولفقار علی ‘ کوثر محی الدین ‘ محمد مبین‘ محمد ماجد حسین اور جعفر حسین معراج موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے مقامی مسائل کے متعلق آگہی حاصل کرکے ان کے حل کے سلسلہ میں تجاویز طلب کیں اور عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ پرانے شہرکی ہمہ جہت ترقی کیلئے اقدامات کی منصوبہ بندی کریں ۔ بتایا گیا کہ اجلاس میں مجلسی ارکان اسمبلی نے پرانے شہر کے زیر التواء پراجکٹس کے علاوہ نئے پراجکٹس کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی توجہ مبذول کروائی اور انہیں پرانے شہر کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کرکے عہدیداروں کو زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دینے کی درخواست کی۔چیف منسٹر نے مجلسی ارکان اسمبلی کی نمائندگیوں پر سنجیدگی سے غور کرنے اور مشاورت کے ساتھ پرانے شہر کی ترقی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی نے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں اب تک ہراج کی گئی اراضیات کی تفصیلات اور ان کے ذریعہ آمدنی کے اخراجات کے متعلق تفصیلات کے حصول کیلئے جائزہ اجلاس منعقد کیا اس اجلاس میں چیف سیکریٹری کے علاوہ پرنسپل سیکریٹری مسٹر اروند کمار و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ وہ ایچ ایم ڈی اے حدود میں جاری پراجکٹس کی تفصیلات اور آؤٹر رنگ روڈ کے ٹنڈر کی تمام تر تفصیلات پیش کریں۔ انہو ںنے اجلاس میں عہدیداروں سے گذشتہ 10برسوں میں ہراج سرکاری اراضیات کی تفصیلات کے ساتھ مابقی سرکاری اراضیات اور ان کے موقف کے سلسلہ میں فائیلس پیش کرنے تاکید کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 10 سال میںشروع کئے گئے پراجکٹس اور ان پر خرچ کی گئی رقومات اور ٹھیکوں کے متعلق تمام تر دستاویزات چیف منسٹر کے دفتر پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے فیصلہ کیا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی حدود 10 برسوں میںاراضیات کی تخصیص ‘ فروخت ‘ لیز کے علاوہ پراجکٹس میں سرمایہ کاری کے متعلق تفصیلات حاصل کرے اور گذشتہ حکومت کے دوران کی گئی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے علاوہ اراضیات کی فروخت سے محصلہ آمدنی کے اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے آج دن بھر محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ محکمہ تعلیم اور مجلسی ارکان اسمبلی سے ملاقات اور جائزہ اجلاسوں میں شرکت کے ذریعہ یہ پیغام دیا کہ وہ ریاست کے نظم و نسق پر اپنی راست گرفت بناکر ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔بتایا گیا کہ چیف منسٹر کی سرگرمیوں اور جائزہ اجلاسوں سے عہدیداروں میں بھی تشویش پیدا ہونے لگی ہے اور وہ چیف منسٹر دفتر سے طلب کی جانے والی تفصیلات کو اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے اجلاس میں چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں تعلیمی صورتحال اور اسکول ‘ کالجس و دیگر تعلیمی اداروں کے مکمل تفصیلات پیش کرنے کے علاوہ ان کی کارکردگی اور تلنگانہ کی جامعات کے متعلق تمام تر تفصیلات فوری پیش کریں۔