پربھاس کی فلم اسپرٹ کا رامائن 2 سے ٹکراؤ

   

ممبئی، 18اکتوبر (یو این آئی) سب سے زیادہ منتظر فلموں میں سے ایک پربھاس اور سندیپ ریڈی وانگا کی فلم اسپرٹ کی نمائش کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فلم سازوں کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا کہ یہ ایکشن اور سسپنس سے بھرپور فلم اب دیوالی کے موقع پر29 اکتوبر2027 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس نئی تاریخ کے ساتھ ہی اب باکس آفس پر اسپرٹ کا براہِ راست ٹکراؤ رنبیرکپورکی مرکزی کردار والی فلم رامائن پارٹ2 سے ہوگا۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری اور نمت ملہوترا کی پروڈکشن میں بننے والی اس ڈراما فلم رامائن پارٹ 2 میں رنبیرکپور اور راکنگ اسٹار یش مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جس کی اگلے سال 5 نومبر کو نمائش متوقع ہے۔اس سے قبل ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو اشارہ دیا تھا کہ وہ پربھاس کی نئی لک کے ساتھ فلم کی نئی ریلیزکی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں۔فلم اینمل کے ہدایت کار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ وہ پربھاس کے مداحوں کو دھوپ کے چشمے کے پیچھے چھپے شخص کے ایک نئے پوسٹر سے متعارف کروانا چاہتے ہیں، جس پر ریلیزکی نئی تاریخ بھی درج ہے اور بس کچھ ہی منٹ کا انتظار باقی ہے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد سندیپ ریڈی وانگا نے ایک اور پوسٹ شیئرکرتے ہوئے دنیا بھر میں 29 اکتوبر2027 کی دیوالی کی تاریخ پر فلم کی ریلیزکی تصدیق کردی۔فلم کے پہلے پوسٹر میں پربھاس کو مکمل سیاہ لباس، بلیک اسپورٹس کیپ اور ایک اسٹائلش چشمہ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔ٹی سیریز فلمز اور بھدرکالی پکچرز کے بینر تلے بھوشن کمار، پرنے ریڈی وانگا، کرشن کمار اور پربھاکر ریڈی وانگا کے تعاون سے بننے والی فلم اسپرٹ کی ابتدائی ریلیز مارچ2027 میں طے کی گئی تھی، تاہم کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر سازوں نے اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔فلم میں پربھاس کے ساتھ ترپتی ڈمری مرکزی جوڑی کے طور پر نظر آئیں گی، جبکہ دیگر اہم کرداروں میں وویک اوبرائے، کنچنا اور ایشوریہ دیسائی شامل ہیں۔