بلغراد (سربیا) : پرتگال اور سربیا کے درمیان کھیلا گیا فٹبال میچ 2-2 کی برابری کے ساتھ ڈرا ہوا لیکن میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو غصے میں گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے۔ گزشتہ روزیہ سربیا کے لیے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کا موقع تھا لیکن پرتگال (اور لیورپول) کے ڈیوگو جوٹا نے دو ہیڈر اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی تھی۔ دوسرے ہاف میں سربیا میچ میں واپس آیا اور اس کی طرف سے ایلکسینڈر میٹرووک اور فلپ کوسٹک نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ لیکن مہمان ٹیم پرتگال اس بات پر کافی ناراض ہوئی جب رونالڈو نے میچ کے آخری لمحات میں گول کیا مگر ریفری نے فیصلہ کیا کہ گیند کو روک لیا گیا تھا۔ بہت سے شائقین کے خیال میں رونالڈو کے گول سے پرتگال میچ جیت سکتا تھا۔ تاہم دیگر کے مطابق ریفری کا فیصلہ درست رہا۔ رونالڈو کو لگا کہ ان کی کِک صحیح نشانے پر لگ چکی ہے مگر آفیشلز نے فیصلہ کیا کہ ایسا نہیں ہوا۔ اس میچ کیلئے گول لائن ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی۔ پرتگال کے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے رونالڈو کو احتجاج کرنے پر جرمانہ بھی کیا گیا۔ میچ کے اختتام سے صرف چند لمحے پہلے انھوں نے اپنی کپتانی کا آرم بینڈ پھینک دیا اور گراؤنڈ سے چلے گئے۔ انسٹاگرام پر ایک پیغام میں رونالڈو نے لکھا کہ ایسے لمحات برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے جب پوری قوم کو سزا دی جا رہی ہو۔ ہم اپنے سر بلند رکھیں گے اور اگلے چیلنج کا سامنا کریں گے۔ پرتگال کے کوچ فرنینڈو سینٹوس نے کہا ہے کہ ریفری نے میچ کے بعد ان سے معذرت کی اور اب ہم آگے بڑھ چکے ہیں۔ یہ واضح طور پر ہمارا گول تھا مگر اب ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ فرسٹ ہاف میں میچ ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن سکنڈ ہاف میں ہماری توجہ ہٹی اور ہم سربیا کو روکنے میں ناکام ہوئے۔
گول کرنے پر کھلاڑی کو یلو کارڈ دکھایا گیا!
دریں اثناء سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف تبصرے دیکھنے میں آئے۔ یہ گول اگر مان لیا جاتا تو پرتگال فاتح قرار پاتا، شاید اسی لیے اس کے مسترد ہونے پر شائقین کافی ناخوش ہیں۔ پرتگال کے مداح اٹالو سنٹینا نے لکھا کہ رونالڈو کا غصہ بجا ہے۔ ان کے نزدیک سربیا کے کھلاڑی نے اس وقت گیند روکی جب یہ لکیر عبور کر چکی تھی یعنی گول ہوچکا تھا۔ مگر کئی لوگ اس دلیل سے مطمئن بھی نہیں۔ اومنی اسرائیل کہتے ہیں کہ میں اپنے بچوں کو کیسے بتاؤں یہ گول نہیں؟ لطیف کے نام سے ٹوئٹر پر موجود صارف کہتے ہیں کہ رونالڈو نے جو بویا ہے اب وہی کاٹ رہے ہیں۔ ان کا یہ رویہ اس وقت کہاں تھا جب ریال میڈرڈ کو متنازع پینالٹیز دی جاتی تھیں؟ مارون کہتے ہیں کہ اب یہ لوگ (جو رونالڈو کے مداح ہیں) کہیں گے کہ وہ رونالڈو سے نفرت کرتے ہیں کیونکہ ریفری سے بس ایک غلطی ہو گئی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ رونالڈو تاریخ میں وہ واحد کھلاڑی بن گئے ہیں جنھیں گول کرنے پر یلو کارڈ دکھایا گیا ہے۔ بہت سے صارفین نے محض اتنا لکھنا کافی سمجھا کہ رونالڈو کو ان کے گول سے محروم کر دیا گیا۔ تاہم کچھ صارفین نے رونالڈو کے رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انھیں ریفری کا فیصلہ اطمینان سے تسلیم کر لینا چاہیے تھا۔