ریونت ریڈی اور سینئر قائدین کی شرکت، تشکیل حکومت کے بعد پہلی مرتبہ پارٹی قائدین سے خطاب
حیدرآباد ۔22۔ڈسمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس اتوار تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی مصروفیات کے پیش نظر اجلاس اتوار کو صبح 10.30 بجے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں رائے دہندوں سے اظہار تشکر کے علاوہ حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے ریونت ریڈی حکومت کی ستائش کی جائے گی۔ اجلاس میں چیف منسٹر و صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ انچارج جنرل سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے ، اے آئی سی سی سکریٹریز ، پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان ، ضلع کانگریس صدور ، پردیش کانگریس کے سینئر نائب صدور ، جنرل سکریٹریز ، محاذی تنظیموں کے ذمہ دار اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ ریاستی وزراء کو بھی توسیعی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ دوپہر 12.30 بجے منڈل اور بلاک سطح کے صدور ، پردیش کانگریس کے ترجمان ، محاذی تنظیموں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ پارٹی نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری اور حکومت کی جانب سے شروع کردہ نئی اسکیمات کی تشہیر کیلئے پارٹی کیڈر کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ریونت ریڈی پہلی مرتبہ پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ر